کرکٹ

کوچ کا اختیار کہاں تک ہے؟

سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کو ملنے والی ناکامی اس ’’جھگڑے‘‘ کے شور میں دب میں جو ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور پاکستان کے سینئر کھلاڑیوں کے درمیان ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد کپتان سمیت چند سینئر بیٹسمینوں کو صلواتیں سنائی ہیں جس کے بعد کئی ’’محب وطن ‘‘ سابق پاکستانی کھلاڑی موجودہ ’’اسٹارز‘‘ کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہوگئے ہیں۔
ایک سابق کپتان اور ماضی کے عظیم بیٹسمین نے مکی آرتھر اور کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی چپقلش کو دو ثقافتوں کیساتھ جوڑنے کیساتھ ساتھ عناد کی انتہا کرتے ہوئے مذہب کو بھی اس درمیان گھسیٹنے کی کوشش کی ۔یہ وہی سابق کھلاڑی ہیں جن کی کوچنگ میں ڈریسنگ روم کے جھگڑے زبان و زدوعام تھے اور یہ لڑائی صرف زبانی جنگ تک محدود نہیں تھی بلکہ نوبت ہاتھا پائی تک بھی پہنچ جاتی تھی۔ اس کے علاوہ 2010ء کے دورہ انگلینڈ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ بیٹسمینوں کو ایک قطار میں کھڑے کرکے انہیں ’’مادری‘‘ زبان میں بیٹنگ سکھانے کی کوشش کررہے تھے ۔
ہیڈ کوچ کی جانب سے کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ کرنا اُس وقت جائز ہوجاتا ہے جب ہیڈ کوچ پاکستانی ہو لیکن جیسے ہی غیر ملکی ہیڈ کوچ کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو ڈانٹ ڈپٹ کرے یا اس حد کو بھی پار کرجائے تو فوراً ہر طرف سے تنقید کی گولہ باری ہیڈ کوچ پر شروع ہوجاتی ہے ۔ ہیڈ کوچ کی ڈانٹ سے ہماری ’’حُب الوطنی‘‘بھی متاثر ہوتی ہے اور سابق کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ میڈیا اور شائقین کرکٹ بھی اپنے ’’مظلوم‘‘ پاکستانی بھائیوں کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہوجاتے ہیں جن کی بدترین کارکردگی ہم برداشت کرلیتے ہیں لیکن غیر ملکی ہیڈ کوچ کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ کو برداشت نہیں کیا جاتا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سختی سے اس بات کی تردید کی ہے کہ کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ کے درمیان کچھ نہیں ہوا لیکن گھر کا ایک بھیدی لنکا ڈھا چکا ہے اور اب اس لڑائی کو چھپانے کیلئے پریس ریلیز جاری کرنا عقلمندی کا فیصلہ نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ آنے والے عرصے میں ہیڈ کوچ کا تقرر کرتے ہوئے اس بات کا بھی تعین کرے کہ ہیڈ کوچ کا اختیار کہاں تک ہے ۔ غیر ملکی ہیڈ کوچ کس حد تک کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی پر ڈانٹ سکتا ہے اور پاکستانی ہیڈ کوچ کو ڈانٹ ڈپٹ کرنے کیساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی’’عزت افزائی‘‘ کرنے کیلئے کتنی زیادہ آزادی حاصل ہوگی کیونکہ غیر ملکی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی طرف سے ناکام بیٹسمینوں کو’’ کھینچنے‘‘ پر ہماری ’’حُب الوطنی‘‘ بری طرح متاثر ہوئی ہے!

Add Comment

Click here to post a comment