T10 کرکٹ لیگ خبریں علاقائ کھیل فٹ بال کرکٹ ہاکی

دو سال اور کئی کمال

دو سال کا عرصہ کسی بھی ادارے کی زندگی میں بہت مختصر سا وقت ہوتا ہے اور دو تین سال تو محض قدم جمانے میں لگ جاتے ہیں ۔ان برسوں میں کامیابی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا لیکن ’’اسپورٹس فیور360‘‘ نے صرف دو سال کے عرصے میں کئی کارنامے دکھا دیے ہیں اور یہی وہ کارنامہ سازی ہے جس نے مجھے اسپورٹس فیور360کی تعریف میں قلم اُٹھانے پر مجبور کیا ہے ورنہ عام طور پر میرا موضوع کھیل اور کھلاڑی ہی ہوتے ہیں۔
میرے لیے خواب ہی تھا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز براہ راست دکھائے جائیں اور گزشتہ چار پانچ برسوں کے دوران ارباب اختیار کے کانوں میں یہ بات ڈالنے کی کوشش بھی کی مگر شنوائی نہ ہوسکی لیکن اسپورٹس فیور360نے یہ کر دکھایااور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر 2018/19کے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل سمیت پانچ ایونٹس کے مقابلے یو ٹیوب کے ذریعے براہ راست دکھائے جو کسی کارنامے سے کم نہیں اور امید کی جارہی ہے کہ اگلے ڈومیسٹک سیزن میں لائیو اسٹریم ہونے والے میچز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
ان پانچ ڈومیسٹک ایونٹس کی لائیو اسٹریمنگ سے جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا بھر کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملا ہے وہاں اسپورٹس فیور360نے کمنٹری سمیت مختلف شعبوں میں نئے آنے والوں کیلئے راہیں کھولی ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ کیساتھ ساتھ اسپورٹس فیور 360نے پاکستان اے کے میچز کو بھی لائیو اسٹریم کیا جس نے دیکھنے والوں کو پاکستانی ٹیم کی سیکنڈ اسٹرنگ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا موقع ملاجبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی تحریک ملی کہ اب وہ تماشائیوں سے خالی میدانوں پر کارکردگی دکھانے کی بجائے دنیا بھر میں موجود لاکھوں کرکٹ کے دیوانوں کے سامنے کھیل رہے ہیں۔
اسپورٹس فیور 360نے صرف کھیل کا میدانوں میں ہونے والے مقابلوں کو براہ راست ان کھیلوں کے شیدائیوں تک نہیں پہنچا رہا بلکہ ان میدانوں میں کارنامے دکھانے والوں کیلئے مشکل وقت میں سہارا بھی بن رہا ہے۔ ’’ہیلتھ360‘‘ ان تمام کھلاڑیوں کیلئے ’’مدد کاہاتھ‘‘ ہے جو مالی وسائل میں کمی کے باعث کسی انجری یا بیماری کی نگہداشت نہیں کر پاتے جس کے نتیجے میں عمر بھر کیلئے کھیل کے میدانوں سے دوری کی صورت میں نکلتا ہے اور بعض بدقسمت تو زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عامر بشیر اور قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر محمد قاسم اس کی مثالیں ہیں۔ لیکن اب اسپورٹس فیور 360کے پلیٹ فارم سے ایسے ایتھلیٹس کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جو کسی انجری یا بیماری کے سبب اپنا کھیل جاری نہیں رکھ پاتے۔
اسلام آباد میں ایک لیگ کرکٹ کے میچز کو لائیو اسٹریم کرنے سے شروع ہونے والا سلسلہ اب پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تک طول پکڑ گیا ہے اور اس عرصے میں اسپورٹس فیور 360نے اپنے مداحوں میں اضافہ کیا ہے ۔ کھیلوں سے محبت کرنے والوں کیلئے اب اسپورٹس فیور360نیا نام نہیں ہے جسے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹرینڈ سیٹر کا درجہ حاصل ہوچکا ہے۔
محض دو سال کے عرصے میں اسپورٹس فیور360نے کئی کمال کر دکھائے ہیں مگر یہ تو ابھی صرف ابتدا ہے !