خبریں علاقائ کھیل

ونٹر باکسنگ کوچنگ کیمپ سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا‘ ہارون احمد خان

محکمہ کھیل نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کو ہمیشہ سپورٹ کرے گا‘سیکریٹری اسپورٹس سندھ

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) سیکریٹری اسپورٹس اینڈ امور نوجوانان سندھ ہارون احمد خان نے کہا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ ونٹر باکسنگ کوچنگ کیمپ کا مقصد نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے ساتھ ساتھ انہیں گروم کرکے ان کی مخفی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ کھیل ہر سطح پر اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا‘سیکریٹری اسپورٹس اینڈ امور نوجوانان ہارون احمد خان سندھ باکسنگ ایس سی ایشن کے زیر اہتمام شہید بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس کے پی ٹی میں جاری30 روزہ ونٹر باکسنگ کوچنگ کیمپ کے دورے کے موقع پر کوچز اور باکسرز سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ خصوصاً لیاری کے باکسرز نے بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور یہ باکسرز پاکستان کا اثاثہ ہیں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے موقع فراہم کرنا محکمہ کھیل کی ذمہ داری ہے اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز‘ بلوچستان باکسنگ ایسو سی ایشن کے سیکریٹری سید حفیظ آغا‘ خازن فیض اللہ جان اور ڈاکٹر صدیق پٹنی بھی موجود تھے۔ سیکریٹری اسپورٹس نے کیمپ میں رضا کارانہ اپنی خدمات پیش کرنے اور باکسرز کو تربیت دینے والے کوچز عمران شاہ‘نور بادشاہ اور کیمپ کمانڈنٹ عبدالرشید کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا‘ واضح رہے کہ کیمپ میں جونیئر اور یوتھ کلاس کے40سے زائد باکسرز شرکت کررہے ہیں