ہاکی

ویٹرنز ہاکی لیگ،، محمد علی اور زاہد غفار کی ہیٹ ٹرک، پاک ویٹرنز (یلو) 10-1 سے کامیاب

ویٹرنز ہاکی لیگ،، محمد علی اور زاہد غفار کی ہیٹ ٹرک، پاک ویٹرنز (یلو) 10-1 سے کامیاب

بلدیہ ویٹرنز ناکام ، پاک فلیگ اور ائیرپورٹ کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا

کراچی : سابق انٹر نیشنل محمد علی خان اور زاہد غفار کی ہیٹ ٹرکس کی بدولت پاکستان ویٹرنز (یلو) نے بلدیہ ویٹرنز کلب کو باآسانی ایک کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دیدی جبکہ دوسرا میچ پاک فلیگ اور ائیرپورٹ ویٹرنز ہاکی کلب کے مابین سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا ۔ پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب کے زیر اہتمام اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی نارتھ ناظم آباد میں جاری ویٹرنز ہاکی لیگ میں گذشتہ شب کھیلے گئے دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا ، پہلا مچ جو کہ پاک فلیگ اور ائیرپورٹ ہاکی کلب کے مابین کھیلا گیا سنسنی خیز مقابلے کے بغیر کسی گول کے برابر رہا دونوں ٹیموں کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کیا گیا لیکن فارورڈز نے گول کرنے کے متعدد سنہری موقع ضائع کئے جو گول اسکور نہ ہونے کی وجہ بنے تاہم دوسرے میچ میں خوب گولوں کی بارش ہوئی جس میں پاکستان ویٹرنز یلو نے بلدیہ ہاکی کلب کو باآسانی 10-1 سے شکست دیدی ، فاتح ٹیم کی جانب سے سابق انٹر نیشنل محمد علی خان نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول اسکور کئے ، انکے ساتھ لیفٹ ان کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے زاہد غفار نے بھی ہیٹ ٹرک سمیت چار گول اسکور کئے دونوں کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل کی بدولت پاک ویٹرنز یلو کو بڑے مارجن سے کامیابی نصیب ہوئی جبکہ ٹیم کے بقیہ دو گول سابق انٹر نیشنل صفدر عباس نے بنائے ۔ شکست خوردہ ٹیم کا واحد گول واجد علی نے میچ کے آخری لمحات میں اسکور کیا۔ ان میچوں میں محمد ندیم اور سید آل حسن نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔