کرکٹ

نادان کپتان

آبیل مجھے مار…سرفراز احمد اس محاورے پر بالکل پورے اُتر رہے ہیں اور جو واقعہ ختم ہوگیا ہے اس کو بار بار کھینچا جارہا ہے ،خبروں میں لایا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر رپورٹرز کا ایک گروپ سرفراز کی کپتانی ’’بچانے‘‘ کیلئے سرگرم عمل ہے حالانکہ ان لوگوں کی ٹویٹس اور تجزیے ہی سرفراز کی واپسی کو مشکل بنا سکتے ہیں۔ سرفراز احمد نے جو غلطی کی ہے اس پر انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں مل سکتی تھی مگر اس کے باوجود آئی سی سی نے صرف چار میچز کی پابندی عائد کی مگر میڈیا کا ایک حصہ مسلسل سرفراز کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس کوشش میں ایسی ایسی باتیں کی جارہی ہیں جنہیں سن کر بھی ہنسی آتی ہے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری طور پر سرفراز کی کپتانی کا مقابلہ شعیب ملک کی کپتانی سے کیا جارہا ہے جس کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے۔ کبھی یہ یاد کروایا جارہا ہے کہ سرفراز کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم نے چمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی۔ سرفراز کی کارکردگی اور چمپئنز ٹرافی کی جیت ریکارڈ پر موجود ہے اور ورلڈ کپ میں سرفراز کی کپتانی برقرار رکھنے کیلئے جو مہم چلائی جارہی ہے اس میں چمپئنز ٹرافی کی جیت کو پیش کیا جارہا ہے۔
ایک آسان سی بات ہے کہ سرفراز احمد نے غلطی کی جس کی سزا مل گئی اور پابندی ختم ہونے کے بعد سرفراز احمد دوبارہ پاکستانی ٹیم کا کپتان بن جائے گا۔ماضی میں انضمام الحق کو بھی کپتان کی حیثیت سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ان کی عدم موجودگی میں دوسرے کھلاڑیوں نے کپتانی کی اور جب انضمام کی پابندی ختم ہوئی تو وہ دوبارہ اپنے منصب پر واپس آگئے۔یہی اصول سرفراز احمد پر بھی لاگو ہوتا ہے جو اگلی سیریز میں کپتان کی حیثیت سے واپس آئے گا تو اس معاملے میں غیر یقینی کی صورتحال کیوں پیدا کی جارہی ہے۔
ایک طرف سرفراز احمد کے ’’خیر خواہ ‘‘اس کے کیرئیر کے دشمن بن گئے ہیں تو دوسری جانب ’’سیفی‘‘ خود بھی ایسی حرکتیں کررہا ہے جو اس کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سرفراز احمد کے انتظار میں تھا کہ پاکستانی کپتان کے منہ سے نکلنے والے الفاظ ان کیلئے شہ سرخی بن سکیں۔سرفراز احمد نے ایئرپورٹ پر اترتے ہی پی سی بی کا شکریہ کا ادا کیا تو دوسری جانب شعیب اختر کی تنقید کو آرے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے ذاتی حملہ قرار دیا ۔ بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ سرفراز نے ایک اور بچگانہ حرکت کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بچے کی ویڈیو لگا دی جو ایک نظم سنا رہا تھا جس میں سرفراز کے ’’مخالفین‘‘ کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہتھکنڈے استعمال کرتے رہیں سیفی آگے بڑھتا رہے گا!
اب یہ مخالفین کون ہیں؟ آئی سی سی کی تو سرفراز سے کوئی ’’دشمنی‘‘ نہیں ہوسکتی تو کیا ویڈیو میں پی سی بی کو پیغام دیا گیا ہے ؟حالانکہ سرفراز ایئرپورٹ پر اترتے ہی پی سی بی کا شکریہ ادا کرچکا ہے۔اگر یہ پیغام اُن شائقین اور سوشل میڈیا پر موجود لوگوں کیلئے ہیں جو سرفراز کو پسند نہیں کرتے تو اس پیغام کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں تھی ۔پھر کیا یہ پیغام ’’قائم مقام ‘‘ کپتان شعیب ملک کیلئے ہے ؟اگر ایسا ہے تو پھر اس سے بڑی بے وقوفی کوئی اور نہیں کیونکہ شعیب ملک کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ وہ مستقل طور پر پاکستانی ٹیم کی کپتانی سنبھالے بلکہ شعیب ملک ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے اور محض ورلڈ کپ کیلئے کپتان کی تبدیلی کسی طرح بھی عقلمندی کا سودا نہیں ہے۔
سرفراز احمد کو چاہیے کہ پرسکون رہیں، پی ایس ایل کی تیاریاں کریں اور اگلی سیریز میں عمدہ فارم اور فٹنس کیساتھ واپس آئیں۔ جو لوگ سرفراز احمد کو اُلٹے سیدھے مشورے دے رہے ہیں وہ کم از کم ’’سیفی‘‘ کے ہمدرد نہیں ہیں بلکہ یہ لوگ اپنی کم عقلی کے باعث سرفراز کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں اور کپتان کو بھی نادانی کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں۔ سرفراز احمد تینوں فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کا کپتان ہے اور ورلڈ کپ کیلئے سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے کیلئے کسی کو ماضی کی پرفارمنس کے ثبوت پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے!

Add Comment

Click here to post a comment