Uncategorized @ur

ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، چوہدری اصغرعلی گل

ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، چوہدری اصغرعلی گل۔ فیصل آباد ( ) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے فنانس سیکرٹری اور قومی ٹیم کے ہیڈکوچ چوہدری اصغر علی گل نے کہاکہ ملک میں اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے فیڈریشن تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فیصل آباد ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس ایسوسی ایشنز کی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس کی ڈویژنل اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ سردار حارث امین نے کی۔ اس موقع پر پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر و ڈویژنل سیکرٹری محمد اقبال اختر، ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ شیخ محمد وسیم، سیکرٹری ملک عثمان معاویہ کے علاوہ مختلف کلبوں کے نمائندے بھی موجود تھے، انہوں نے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل (ریٹائرڈ) محمد اکرم ساہی کی طرف سے ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ملک میں کسی بھی سطح پر اتھلیٹکس کے کھیل کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو اور کئی انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس میں فیڈریشن اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو شرکت کے لئے بھیجتی ہے، اصغر علی گل نے کہاکہ ملک میں اتھلیٹکس کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی ضرور کمی ہے، انہوں نےکہا کہ کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور حکومت کو پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی خصوصی معاونت کرنی چاہئے اور وزیراعظم عمران خان خود بھی ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے 1992ء میں کرکٹ میں عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کی سرپرستی میں کئی انٹرنیشنل سطح پر ملک قوم کا نام روشن کرکے میڈلز حاصل کر رکھے ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کی حکومت کو حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں۔ اور اس کھیل کی ترقی کے لئے مزید کوشش کرکے ملک کا نام روشن کریں ۔ انہوں نےکہا کہ ایک دور میں ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا بہت بڑا اہم کردار رہا ہے اور ابھی تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی بہت ضرورت ہے، اجلاس میں ڈویژنل ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ سردار حارث امین نے بتایاکہ فیصل آباد کو پنجاب انٹر کلب چیمپیئن شپ کی میزبانی مل گئی ہے اور یہ چیمپیئن شپ آئندہ ماہ مارچ کھیلی جائے گی جس کی تاریخ کا اعلان پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے ساتھ مشاورت سے آئندہ ایک دو روز میں کیا جائےگا، پنجاب انٹر کلب چیمپیئن شپ کے انعقاد کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں، انہوں نےکہا کہ چیمپیئن شپ سے قبل ایک روز آفیشلز کورس بھی منعقد کیا جائے گا، جس پنجاب بھر آفیشلز شرکت کریں گے اور کورس میں عالمی اتھلیٹکس فیڈریشن کے نئے قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائےگا ۔اجلاس میں قومی اتھلیٹکس کوچ چوہدری محمد یوسف کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ، اجلاس میں مختلف ممبران نے مرحوم چوہدری محمد یوسف کی اتھلیٹکس کے لئے خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا