پی ایس ایل 2018-19 کرکٹ

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورا پاکستان ہمارا ہے۔سرحدی صورتحال کے باعث پی ایس ایل کے آٹھ میچز کی میزبانی کراچی کو مل گئی ہے۔

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پورا پاکستان ہمارا ہے۔سرحدی صورتحال کے باعث پی ایس ایل کے آٹھ میچز کی میزبانی کراچی کو مل گئی ہے۔ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں پی سی بی کے ساتھ مل کر ایونٹ کو کامیاب بنائیں گے۔ مہمانوں کو دعوت دینا کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔شہر کو سجائیں گے ایک فیسٹول جیسا ماحول بنانا ہے۔سرحدی صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان بھارت کو ہوا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کے دورے، ترقیاتی کام کا جائزہ لینے اور اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ وزیر بلدیات سعید غنی،سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب۔چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کمشنر کراچی افتخار شلوانی۔پولیس کے اعلی افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ اجلاس میں جنرل منیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نے وزیر اعلی کو اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور پی ایس ایل میچز کے انتظامات کے حوالے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر اعلی نے سعید غنی کو شہر کو دلہن کی طرح سجانے۔ اسٹریٹ لائٹ آن کرنے۔ شاہرہ فیصل پر پی ایس ایل کے حوالے سے خیرمقدمی بینرز اور درخت لگانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم آنے والے شائیقین اور مہمانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہیئے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کا سب سے زیادہ نقصان بھارت کو ہوا ہے۔ پاکستان میں ساری جماعتیں ایک پیج پر ہیں لیکن وہاں حکمراں جماعت تنہائی کا شکار ہیں ان کے اپنے ان پر تنقید کررہے ہیں، ایک وقت تھا کہ پی سی بی ایک میچ بھی کراچی میں کرانے کے لیئے تیار نہیں تھا تاہم امن وامان کی بہتری کے باعث گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کھیلا گیا،اور اب ایک نہیں پورے آٹھ میچز کا کراچی میں ہونا خوش آئند ہے۔اب ہماری اولین ترجیحی پی سی بی کے ساتھ مل کر پی ایس ایل کو کامیاب کرانا اور شہر میں ایک فیسٹول جیسا ماحول بنانا ہے،میچز کے انعقاد سے کرا چی کا مثبت پیغام دنیا بھر میں جائے گا۔امید ہے کہ پی ایس ایل کے بعد غیر ملکی ٹیمیں کراچی آکر کھیلنے کو ترجیح دیں گی۔ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کا تعلق الطاف گروپ سے ہے۔ قانون نافذ کرنے والوں نے الطاف گروپ کے دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے،وزیراعلی سندھ نے پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ ان چیزوں سے دور رہیں، وزیر علی نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے حوالے سے جو تھوڑا بہت کام رہ گیا ہے وہ 7 مارچ تک مکمل ہوجائے گا جبکہ میچز کا انعقاد 9 مارچ سے شروع ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے کسی کو دعوت نہیں دی میچ دیکھنے کی دعوت دینا کرکٹ بورڈ کا کام ہے تاہم پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت ہم سب شائیقین کرکٹ ہیں ہم سب میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں گے۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر)
وزیراعلی سندھ نے ایکسپریس ٹی وی کے رپورٹر اور سجاس کے سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان کی اسٹیڈیم کے سامنے سے موٹر سائیکل چوری کا نوٹس لے لیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے بعد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے سیکریٹری اصغرعظیم نے وزیراعلی کی توجہ زبیر نذیر خان کی موٹر سائیکل کی چوری کی جانب کرائی ۔ جس پر وزیراعلی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کو فوری کاروائی کرنے اور موٹر سائیکل برآمد کرانے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ اتوار کو زبیر نذیر خان کی موٹرسائیکل سخت سیکورٹی کے باوجود نیشنل اسٹیڈیم کے مین گیٹ کے قریب سے چوری ہوگئی تھی