کرکٹ

پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل ، ایونٹ اکیس مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

پاکستان سپر لیگ کے بعد پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ کی تیاریاں مکمل ، ایونٹ اکیس مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوگا ۔ غیر ملکی ٹیموں کی آمد آج سے شروع ہوگی ، میگا ایونٹ میں سولہ ممالک کی ٹیمیں ان ایکشن ہوگی ۔تمام میچز SportsFever360کے تعاون سے آن لائن براہ راست دکھائے جائیں گے ۔

یواے ای اور پھر پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب پشاور زلمی کی گلوبل زلمی لیگ دھوم مچانے کو تیار ہیں ، اکیس مارچ سے پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں شروع ہونیوالی گلوبل زلمی لیگ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ اسلام آباد میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے اسلام آباد کے گراؤنڈز میں دنیا بھر سے آنیوالی سولہ ٹیمیں ان ایکشن ہوگی ۔ غیر ملکی ٹیموں کی آمد آج رات سے شروع ہوگی ۔ پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ گلوبل زلمی لیگ پشاور زلمی کے لیے اہم ایونٹ ہے جو دنیا بھر میں پشاور زلمی کے فین کلب اور مقبولیت کا ثبوت ہے ۔ وہ پاکستان آنیوالی تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ساتھ ہی بھرپور تعاون پر میونسپل کارپوریشن اسلام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ گلوبل زلمی لیگ میں الریاض زلمی ، شاوژنگ زلمی ، انچیون زلمی ، وینکوور زلمی ، ویانا زلمی ، بون زلمی ، کابل زلمی، پیرس زلمی ، وکٹوریہ زلمی ، مانامہ زلمی ، اسٹیٹس زلمی، جوہانسبرگ زلمی ، لندن زلمی ، دبئی زلمی اور گلاسگو زلمی کی ٹیمیں شریک ہوگی ۔ ایونٹ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی گلوبل زلمی الیون کا اعلان کیا جائیگا جو دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ میچز کے لیے دورے کرے گی ۔ ایونٹ کا پہلا میچ اکیس مارچ کو الریاض زلمی اور شاؤژنگ زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا ۔ ایونٹ کے تمام میچز SportsFever360کے تعاون سے یوٹیوب اور آن لائن براہ راست دکھائیں جائیں گے ۔

گلوبل زلمی لیگ بارے میں:
پشاور زلمی پاکستان کی واحد اسپورٹس فرنچائز ہے جس کے تیس سے زائد فینز کلبز اور ٹیمیں دنیا کے چھبیس سے زائد ممالک میں موجود ہیں.. گلوبل زلمی لیگ کے دو ایڈیشنز کامیابی سے یواے ای میں منعقد ہوچکے ہیں.

پشاور زلمی میڈیا ڈیپارٹمنٹ