Uncategorized

گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی ، ملت سی سی نے ارحم کلب کے ارمان ٹھنڈے کردیئے

گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی ، ملت سی سی نے ارحم کلب کے ارمان ٹھنڈے کردیئے62 رنز سے شکست دیکر اہم کامیابی کو گلے لگالیا، صدام حسین بہترین کھلاڑی قرارمحمد طحہ کے 74 رنز اور دو شکار رائیگاں گئے

  • کراچی : اے کے جے کے زیراہتمام منعقد ہونیوالے پہلے گوبیز رمضان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملت سی سی کی کامیابی ، ارحم کرکٹ کلب کو 62 رنز سے مات دیدی، فاتح ٹیم کے صدام حسین آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بحریہ کالج کرکٹ گرائونڈ کارساز میں کھیلے گئے میچ میں ملت کرکٹ کلب نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کئے، فیاض حسین اور صدام حسین نے نصف سنچری بنائی، فیاض حسین کی 66 رنز کی اننگز میں سات چھکے اور چار چوکے شامل تھے انہوں نے صرف 26 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ صدام حسین نے 62 رنز کی عمدہ اننگ صرف 37 گیندوں پر اسکور کی انکی اننگ تین چھکوں اور سات چوکوں سے مزین تھی ، جبکہ حسن بھٹی 29 اور آصف محمود 20 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ شکست خوردہ ٹیم کے شہباز بھٹی نے تین ، علی ریاض اور محمد طحہ نے دو، دو شکار کئے۔ جواب میں ارحم سی سی 236 رنز ہدف کے تعاقب میں 170 رنز بناکر چلتی بنی، انکی جانب سے محمد طحہ نے برق رفتار 74 رنز بنائے انکی تیز ترین اننگز صرف 31 گیندوں پر مشتمل تھی جس میں دو بلند و بالا چھکے اور 13 پر اعتماد چوکے بھی شامل تھے۔ محمد نافع اور دانش منیر نے بالترتیب 28 اور 21 رنز اسکور کئے۔ فاتح ٹیم کی کی جانب سے مرتضی جمالی اور شاہان نعیم نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ صدام حسین نے دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی جنید غفور نے صدام حسین کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ میچ میں اعجاز خان اور وسیم الدین نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔

فوٹو کیپشن: مہمان خصوصی جنید غفور صدام حسین کو مین آف دی میچ ایوارڈ دے رہے ہیں ۔