کرکٹ

دلیرانہ اپروچ کالی آندھی کا رخ موڑ سکتی ہے!

انگلینڈ کی شاندار فتح کیساتھ ورلڈ کپ 2019ء کا آغاز ہوچکا ہے اور اب عالمی میلے کا رنگ سجے گا ناٹنگھم کے میدان میں جہاں ٹکرائیں گے جو سابق چمپئنز ویسٹ انڈیز اور پاکستان!
ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان نے 12کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جس میں شعیب ملک، شاہین آفریدی اور محمد حسنین کے نام شامل نہیں ہیں۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف پانچ اسپیشلسٹ بیٹسمینوں، تین فاسٹ بولرز اور دو اسپنرز کیساتھ میدان میں اترے گی اور امکان یہی ہے کہ حارث سہیل پہلے میچ میں فائنل الیون کا حصہ نہیں ہونگے۔
ایک دن پہلے تک یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ فاسٹ بولر محمد عامر مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور وہ پہلے میچ میں شرکت نہیں کریں گے مگر بارہ ممکنہ کھلاڑیوں میں محمد عامر کی موجودگی ثابت کررہی ہے کہ بائیں ہاتھ کے پیسر پہلے میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
پرجوش شاہین آفریدی اور برق رفتار محمد حسنین کو پہلے میچ سے باہر رکھتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے ثابت کیا ہے کہ ابتدائی میچز میں تجربے کار کھلاڑیوں پر بھروسہ کیا جائے گا اور شاید عقلمندی کا تقاضہ بھی یہی ہے ۔ وہاب ریاض ، محمد عامر اور حسن علی کی موجودگی میں پیس اٹیک بہت حد تک متوازن دکھائی دے رہا ہے جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم کی صورت میں دو اسپنرز نا صرف بولنگ کے شعبے کو بہتر بنارہے ہیں بلکہ لوئر آرڈر میں ان دونوں کھلاڑیوں کا کردار نہایت اہم ہوگا۔چھٹے بولر کے طور پر محمد حفیظ بھی موجود ہونگے جبکہ کپتان سرفراز احمد سمیت پانچ بیٹسمین فائنل الیون کو کافی متوازن بنا رہے ہیں۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم جارحانہ اپروچ کیساتھ میدان میں اترے گی اور اس ٹیم میں موجود ٹی20اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی اکثریت جہاں کالی آندھی کا پلس پوائنٹ ہے وہیں یہ اپروچ ویسٹ انڈیز کو مشکلات سے بھی دوچار کرسکتی ہے کیونکہ ابتدائی وکٹیں گنوانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے پاس سنبھلنے کا موقع موجود نہ ہوگا۔ سرفراز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کریں گے ۔اگر سرفراز احمد پہلے اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پھر بولرز پر یہ لازم ہوگا کہ وہ ابتدائی دس اوورز میں دو سے تین وکٹیں لیتے ہوئے ویسٹ انڈیز پر بیک فٹ پر دھکیلیںکیونکہ دوسری صورت میں کرس گیل ، شائی ہوپ اور ٹاپ آرڈر کے دیگر بلے بازوں کا پاور ہاؤس گرین شرٹس کے چھکے چھڑا دے گا۔
پاکستانی ٹیم سے اچھی امیدیں بھی وابستہ ہیں اور یہ ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف فیورٹ بھی ہے لیکن سرفراز احمد اور ان کے ساتھیوں کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں دلیر اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہوگی کیونکہ ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں صلاحیت سے زیادہ دلیرانہ اپروچ کام آتی ہے!

Add Comment

Click here to post a comment