برقی قمقموں کی روشنی میں منعقدہ نمائشی میچ 5-5 گول سے برابر رہا ، قمر ابراھیم ، سمیر سلیم اور اعظم خان نے دو ، دو گول اسکور کئے
عارف حبیب نے اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی کو دور حاضر کی بہترین اکیڈمی قرار دیا
کراچی : مہتاب چائولہ دوسری ویٹرنز ہاکی لیگ کا آغاز ہوگیا ، معروف بزنس مین عارف حبیب نے بحیثیت مہمان خصوصی لیگ کا افتتاح کیا اس موقع پر الکرم ٹاولز کے سی ای او مہتاب چائولہ ، اولمپئین اصلاح الدین ، اولمپئین ایاز محمود اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مہمان خصوصی نے اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی کو دور حاضر کی بہترین اکیڈمی قرار دیا اور مستقبل میں اپنا تعاون جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا اس موقع پر پاکستان ویٹرنز گرین اور پاکستان ویٹرنز ریڈ کے مابین کھیلا گیا نمائشی ہاکی میچ 5-5 گول سے برابر رہا ۔ تفصیلات کے مطابق اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں گزشتہ شب ویٹرنز لیگ کا آغاز ہوگیا برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا گیا نمائشی ہاکی میچ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر رہا ، پاک ویٹرنز ریڈ کی ٹیم نے فل بیک اعظم خان کے گول کی بدولت چوتھے منٹ میں ہی ایک گول کہ برتری حاصل کرلی جسے اگلے منٹ میں پاک گرین کی جانب سے اولمپئین قمر ابراھیم نے پینالٹی کارنر پر خوبصورت گول کرکے برابر کردیا پہلے کوارٹر کے اختتام پر مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا ، دوسرے کوارٹر کے پہلے اور میچ کے 16ویں منٹ میں قمر ابراھیم نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 2-1 کردیا دو منٹ بعد رائٹ آئوٹ محمد علی کی لگائی گئی ہٹ ڈائریکٹ نیٹ میں گئی اس طرح مقابلہ گرین کے حق میں 3-1 ایک ہوگیا ، اس موقع پر دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ، 19 ویں منٹ میں ریڈ کی جانب سے تسنیم عثمانی نے گیند کو گول پوسٹ کی نذر کر کے مقابلہ 3-2 کردیا جو دوسرے کوارٹر کے اختتام تک قائم رہا ۔ تیسرے کوارٹر میں گرین نے عمدہ کھیل پیش کیا جس کے نتیجے میں میچ کے 21 ویں منٹ میں ڈپٹی کمشنر سائوتھ کراچی صلاح الدین احمد نے محمد علی کے پاس پر گیند کو جال کی نذر کرکے گرین کی برتری کو بڑھاتے ہوئے 4-2 کردیا دوسری جانب ریڈز کے فارورڈزلائن کے تابڑ توڑ حملے جاری رہے جس کی بدولت 23 ویں منٹ میں ملنے والے پینالٹی کارنر پر اعظم خان نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا گرین کی برتری کو کم کرتے ہوئے مقابلہ 4-3 کردیا تاہم گرین کے رائٹ ان اولمپئین سمیر حسین اور قمر ابراھیم کی کوششوں اور شاندار ۔ووز کے نتیجتمے میں میچ کے 25 ویں منٹ میں گرین کو کامیابی ملی جب سمیر حسین کی لگائی گئی ریورس فلک ڈائریکٹ گول میں گئی اور گرین کی برتری بڑھتی ہوئی 5-3 ہوگئی ۔ میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں ریڈ نے مزید دو گول اسکور کئے ، انکی جانب سے دونوں گول سمیر سلیم نے 31 اور 36 ویں منٹ میں اسکور کئے اور مقابلہ 5-5 سے برابر کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا ۔ ویٹرنز لیگ کے میچز کا دورانیہ 40 منٹس پر مشتمل ہوگا ہر میچ میں دس ، دس منٹ کے چار کوارٹرز ہونگے ۔ لیگ کا باقاعدہ آغاز آج ہفتہ چار جنوری سے ہوگا پہلے دن دو میچز کھیلے جائینگے ، ناظم آباد مجاہد کا سامنا اقبال میموریل سے اور دوسرے میچ میں پاک فلیگ مد مقابل ٹیم موورز کیخلاف میدان میں اترے گی ۔
Add Comment